Saturday, December 9, 2023

لاہور میں ن لیگی اُمیدوار نذیر چوہان کی گاڑی پر فائرنگ، بیٹا اور گارڈ زخمی

لاہور میں ن لیگی اُمیدوار نذیر چوہان کی گاڑی پر فائرنگ، بیٹا اور گارڈ زخمی
June 19, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور میں ن لیگی اُمیدوار پی پی 167 نذیر چوہان کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں نذیر چوہان کا بیٹا اور گارڈ زخمی ہوگئے۔

ضمنی الیکشن کیلئے پی پی 167 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کی گاڑی پر فائرنگ کی کردی گئی، فائرنگ میں نذیر چوہان بال بال بچ گئے تاہم ان کا بیٹا معاذ اور سکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا۔

نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمپین کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ اچانک فائرنگ کر دی گئی۔ فائرنگ خالد گجر، اس کے بیٹے عادل گجر اور شبیر گجر نے کی ہے۔

نذیر چوہان کے مطابق ان کے بیٹے معاذ کو ٹانگ پر گولی لگی ہے جیسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر تحریک انصاف کے اُمیدوار شبیر گجر کا کہنا ہے نذیر چوہان کا بیٹا معاذ پولیس کی موجودگی میں اپنے گارڈز کے ہمراہ ہمارے آفس کے باہر سے بینرز اور فلکیسز اتار رہا تھا، معاذ اور دیگر افراد کو آدھا گھنٹہ بینرز اور فلیکسز اتارنے سے منع کرتے رہے لیکن وہ نہ مانے تلخ کلامی پر نذیر چوہان کے بیٹے اور ڈرائیور نے فائرنگ شروع کر دی جس سے ہمارا ایک کارکن بھی زخمی ہوا۔

شبیر گجر کے مطابق نذیر چوہان کے بیٹے اور گارڈ نے اپنی گاڑی پر خود فائرنگ کر کے جھوٹا مقدمہ درج کروانے کی سازش کی ہے۔