لاہور میں فضائی آلودگی شرح بڑھنے لگی، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرا نمبر
لاہور (92 نیوز) - پنجاب کے دارالحکومت لاہورمیں فضائی آلودگی کی شرح بڑھنے لگی، دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور دوسرے نمبر پر ہے، دوسری جانب صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم دے دیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کی فضاآج بھی آلودہ ! فضائی آلودگی کی شرح میں لاہور دوسرے نمبر پر پہنچ گیا۔ 371 ایئرکوالٹی اندیکس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق ٹاؤن ہال میں اے کیو آئی 257، لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی میں 232 اور پنجاب یونیورسٹی میں 197 ایئرکوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا، جس پر طبی ماہرین نے احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کاحکم دے دیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے کارروائی عمل میں لائی جائے گی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا سات ہزار روپے تک کا چالان کیا جائے گا، ادھر پنجاب حکومت نے متاثرہ اضلاع ماسک کے استعمال کو لازمی قراردے رکھا ہے۔
ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ نے انسداد اسموگ مہم پر کارروائی کے دوران فصلوں کی باقیات جلانے والے مزید 49 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیا، ملزمان کو 29 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا، اب تک فصلوں کی باقیات جلانے والے 103 افراد کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں، عارف والا میں بھی اسموگ کے باعث شہری گلے، سانس، بخار اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے، پابندی کے باوجود بیشتر مقامات پر اینٹوں کے بھٹے بند نہ ہوسکے۔