Friday, April 26, 2024

لاپتہ ہیلی کاپٹر میں سوار لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 جوان شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر

لاپتہ ہیلی کاپٹر میں سوار لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 جوان شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر
August 2, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 جوان شہید ہو گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئٹر پر تصدیق کی گئی، کہا کہ بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ جو کہ سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر تھا، موسیٰ گوٹھ، وندر، لسبیلہ میں مل گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا۔

واقعے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 افسران اور سپاہی شہید ہوگئے جن میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بھی شامل ہیں۔ شہدا میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہٰ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، جامع تحقیقات کے بعد حادثے کی وجوہات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں کورکمانڈر کوئٹہ سمیت آرمی کے چھ افسران کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کیلئے قربان کیں۔ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

صدر مملکت عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ صدر مملکت نے شہدا کی بلند درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ کیلئے اظہار ہمدردی کیا۔ بولے بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں۔