Sunday, May 19, 2024

لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس، اعجاز چودھری کی عبوری ضمانت مسترد

لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس، اعجاز چودھری کی عبوری ضمانت مسترد
July 26, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چودھری کی عبوری ضمانت مسترد کردی جبکہ دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 5اگست تک توسیع کردی۔

لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر تشدد کے معاملہ پر انسداد دہشت گردی عدالت نے پیش نہ ہونے پر تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چودھری کی عبوری ضمانت مسترد کردی۔

میاں حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، شفقت محمود، ڈاکٹر مراد راس، جمشید چیمہ، مسرت جمشید چیمہ اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواست میں 5 اگست تک توسیع کر دی۔

عدالت نے زبیر خان نیازی، شیخ امتیاز، میاں اکرم عثمان اور اعظیم افضال کے شامل تفتیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت کے حکم پر زبیر خان نیازی اور دیگر کے بیانات فوری ریکارڈ کئے گئے۔

ملزم رہنماؤں نے تھانہ شاہدرہ، بھاٹی گیٹ، شفیق آباد اور گلبرگ میں درج مقدمہ میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھیں ہیں۔

میڈیا سے بات چیت میں ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں حکومت ہم بنائیں گے، رانا ثنا اللہ باہر نکلیں، انہیں پتہ چل جائے گا۔ میاں اسلم اقبال اور مسرت جمشید چیمہ نے حکومت کو تنقیدی نشانے پر رکھ لیا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں نے 4 تھانوں میں درج مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات کو چیلنج کردیا ہے، حماد اظہر اور یاسمین راشد کی طرف سے برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے درخواستیں دائرکیں۔