Saturday, April 20, 2024

لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس، اسد عمر، شاہ محمود سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتیں منظور

لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس، اسد عمر، شاہ محمود سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتیں منظور
June 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - عدالت نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شہریار آفریدی، قاسم سوری اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران تھوڑپھوڑ کیس کی سماعت ہوئی، اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شہریار آفریدی، قاسم سوری اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔

جج نے ہدایت کی کہ تھانہ آئی نائن، گولڑہ اور ترنول میں درج مقدمات میں ملزمان شامل تفتیش ہوں، تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 425 میں فیصلہ موخر کردیا گیا۔

سماعت کے بعد کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سازش کی، ہم ہرجعلی مقدمے بنائے گئے، طاقت کے استعمال سے ملک بند کیا جا سکتا ہے مگر چلایا نہیں جا سکتا۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پاکستان میں ایک گروپ قانون پر نہیں بلکہ این آر او پر یقین رکھتا ہے، اس قوم کو کوئی بھی گمراہ نہیں کر سکتا۔

شہریار آفریدی، فیصل جاوید خان اور قاسم سوری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں امریکی ایماء پر سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت لائی گئی۔ ہمیں داغدار ماضی والے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، چیف جسٹس سپریم کورٹ ازخود نوٹس لیں۔