وزیرآباد (92 نیوز) – چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لانگ مارچ میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے، وزیرآباد میں کنٹینر پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔
تحریک انصاف کا لانگ مارچ وزیر آباد کے کچہری چوک پہنچا تو حملہ آور ایک گلی سے نکلا اور اس نے کنٹینر کے قریب آکر فائرنگ کردی۔
عینی شاہدین کے مطابق پہلے ایک ملزم نے توجہ ہٹانے کے لیے ایک فائرکیا پھر دوسرے نے عمران خان کا نشانہ لیکر پورا برسٹ فائر کیا۔
حملہ آور کے ہاتھ میں پستول دیکھی تو پی ٹی آئی کے کارکن ابتسام نے حملہ آور پر جھپٹ پڑا جس سے پستول کا رخ بدل گیا اور عمران خان کو دائیں ٹانگ پر دو گولیاں لگیں۔
عمران خان کو زخمی حالت میں سہارا دے کرکنٹینرکی چھت سے نیچے لایا گیا، عمران خان کنٹینر کے درمیانی حصے میں پہنچے اور انہیں کنٹینر سے دوسری گاڑی میں منتقل کیا گیا، اس حالت میں بھی عمران خان مکمل حوصلے میں نظر آئے۔
عمران خان کو تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں لاہور شوکت خانم اسپتال منتقل کردیا گیا۔
شوکت خانم اسپتال میں میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جس نے عمران خان کا علاج شروع کردیا ہے، عمران خان کا سی ٹی اسکین کرلیا گیا ہے اور اب ان کی ٹانگ کا آپریشن کیا جائے گا۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں عمران خان کے علاوہ تحریک انصاف کے رہنماء فیصل جاوید، عمر ڈار، احمد ناصر چٹھہ اور چودھری یوسف شامل ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما احمد چٹھہ کو ٹانگوں میں گولیاں لگیں اورانہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمی ہونے والوں میں عمران خان کے سکیورٹی گارڈ محمد فاروق کے علاوہ محمد لیاقت، راشد محمود، عمران یوسف شامل ہیں، جبکہ جاں بحق شخص کی شناخت معظم کے نام سے ہوئی ہے۔
عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کی اطلاع ملتے تحریک انصاف کے کارکنوں نے حکومت کیخلاف نعرے بازی شروع کردی جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں بھی احتجاج کیا گیا۔