Wednesday, May 1, 2024

لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی 17 جون تک گرفتاری روک دی گئی

لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی 17 جون تک گرفتاری روک دی گئی
June 10, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے معاملے میں پی ٹی آئی کے 13 رہنماؤں کی 17 جون تک گرفتاری روک دی گئی۔

لانگ مارچ کے دوران کارسرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی 17 جون تک عبوری ضمانتیں منظور کی گئیں۔ انسداد دہشت گردی کی خصوسی عدالت نے تیرہ ملزمان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے۔

میڈیا سے بات چیت میں پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہرنے کہا کہ یہ سب کچھ رانا ثناءاللہ اور مریم نواز کی ہدایات پر ہو رہا ہے۔ ہم پر انسداد دہشت گردی کے پرچے کاٹے جارہے ہیں۔

انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے شفقت محمود، اعجاز چودھری اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 13 پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

تھانہ شاہدرہ پولیس نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور کار سرکار میں مداخلت کی۔

فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی نشاہدہی کی گئی تاہم ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہیں۔ تحقیقات مکمل کرنے کے لیےان کی گرفتاری درکار ہے۔ لہذا عدالت 13 افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔

تھانہ شاہدرہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے تاہم اب مقدمے میں دہشت گردی دفعات شامل کر دی ہیں۔