Tuesday, April 23, 2024

لانگ مارچ کے نتائج خوفناک ہوسکتے ہیں، شیخ رشید

لانگ مارچ کے نتائج خوفناک ہوسکتے ہیں، شیخ رشید
May 3, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکومت کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کے نتائج خوفناک ہوسکتے ہیں۔

لال حویلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالات کوٹھنڈارکھناچاہتے ہیں، مگر یہ حالات کوکہیں اور لے جانا چاہتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سیاست ہاتھوں سے نکلتی جا رہی ہے، دعا ہےملک میں امن رہے، جھاڑونہ پھرجائے، میرا بھتیجا لاپتہ ہے، یہ بتاتے نہیں وہ کہاں ہے۔ لاتعداد شہروں میں مقدمات درج کرائے ہیں، فیصل آباد والا مدعی رانا ثناء اللہ کا خاص بندہ ہے۔ میں اجرتی قاتل سے نہیں ڈرتا، مجھے بتائیں کس تھانہ میں گرفتاری ڈالوں؟

اُنہوں نے کہا کہ پہلے دن 3 سو افراد کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا، جن پر منشیات کے مقدمات تھے۔ ثابت ہوگیا ان لوگوں سے عوام نفرت کرتی ہے، مسجد نبوی ﷺ کا وقوعہ مسجد کی حدود سے باہر ہوا ہے۔ فرد جرم والے بوٹ پالش کرکے آگئے۔

سابق وزیرداخلہ بولے کہ میرے شہر کی فضاء بڑی خوفناک ہے، اس ملک میں مداخلت کو فوج کے خلاف کیا جا رہا ہے، پاک فوج کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ بھٹو کے دور میں لوگوں نے اپنے آپکو آگ لگا دی تھی، عمران خان کی کال پر ایسا ہو سکتا ہے۔ مطالبہ صرف الیکشن ہے اور میں اداروں اور مقتدر طاقتوں اور اسٹیبلشمنٹ سے اپیل کرتا ہو جلد از جلد الیکشن کروائیں۔ اگر یہ ماحول رہا تو حالات عمران خان کے ہاتھ سے نکل جائینگے۔