Friday, April 19, 2024

لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ، عمران خان کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ، عمران خان کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور
June 24, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے الزام میں عمران خان کی 10 مقدمات میں 6 جولائی تک عبوری ضمانت منظور ہو گئی۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے پی ٹی آئی مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے 15 مختلف مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت چھ جولائی تک منظورکر لی اور پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ پیش ہوئے۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض تھانہ آبپارہ، آئی نائن،کوہسار، کراچی کمپنی ،گولڑہ،ترنول اور تھانہ سیکرٹریٹ میں درج دس مختلف مقدمات میں ضمانت منظور کی اور مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 6 جولائی تک کیلئے ملتوی کر دی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ عبدالغفور کاکڑ کی عدالت نے تھانہ بہارہ کہو، سہالہ،کورال اور تھانہ لوہی بھیر میں درج پانچ مختلف مقدمات میں عمران خان کی پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس سے چھ جولائی کو ریکارڈ طلب کر لیا۔

اسد عمر، علی نواز اعوان، شہباز گل اور دیگر پی ٹی آئی رہنماء بھی ضلع کچہری میں موجود تھے۔ اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔