Thursday, April 25, 2024

لانگ مارچ اور عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، تحریک انصاف نے پیشگی منصوبہ بندی کر لی

لانگ مارچ اور عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، تحریک انصاف نے پیشگی منصوبہ بندی کر لی
May 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - لانگ مارچ اور عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر تحریک انصاف نے پیشگی منصوبہ بندی کر لی۔

عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے اطراف انسانی حصار قائم کر دیا گیا۔ لانگ مارچ کا اعلان ہوتے ہی یوتھ ونگ کے کارکنان عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر پہرہ دیں گے۔ کارکنوں کی رہائش، کھانے پینے اور دیگر ضروریات کے لیے اقدامات کر دیے گئے ہیں۔ پلان کے تحت 5 ہزار کارکن اسلام آباد کے مختلف حصوں میں پہلے سے پہنچائے جائیں گے اور ممکنہ لانگ مارچ کی کامیابی اور گرفتاری روکنے کے لیے کارکنوں کو ٹریننگ بھی دی جائے گی۔

کارکنوں سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میری کال پر پوری قوم نے اسلام آباد پہنچنا ہے۔ ہمارے مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے۔ جب تک صاف و شفاف الیکشن کی تاریخ نہیں ملتی  انسانوں کا سمندر اسلام آباد سے نہیں جائے گا۔

عمران خان نے ایک مرتبہ پھر موجودہ حکومت کو امپورٹڈ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ باہر سے ڈکٹیشن دی جاتی ہے کہ روس سے گندم اور تیل نہیں لینا ہے۔ اپنی قوم کو دوسروں کے لیے قربان نہیں کیا جاتا۔

عمران خان نے کل ملتان میں ہونے والے جلسے میں لانگ مارچ کی تاریخ دینے کا عندیہ بھی دیا۔