Friday, April 19, 2024

سردی کی دستک‘ لنڈا بازاروں میں گرم کپڑوں کی خریداری میں تیزی آ گئی

سردی کی دستک‘ لنڈا بازاروں میں گرم کپڑوں کی خریداری میں تیزی آ گئی
October 24, 2016
لاہور (92نیوز) سردی کی تیاریاں شروع‘ لنڈے بازار کی رونقیں بڑھ گئیں۔ سردی آنے سے قبل ہی لوگوں نے کمر کس لی۔ موسم کی شدت سے بچنے کے لیے لنڈے سے خریداری کا سلسہ شروع ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق موسم میں زیادہ تبدیلی تو نہیں ہوئی مگر پھر بھی لنڈا بازار میں گرم کپڑوں کی خریداری میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے دور میں شاپنگ کے لیے لنڈے بازار سے بہتر کوئی آپشن نہیں مگر اب یہاں بھی چیزیں سستی نہیں ہیں قیمتیں زیادہ ہیں۔ ویسے تو لنڈے بازار کا نام لیتے ہی ذہن میں سستی چیزوں کا تصور ابھر آتا ہے مگر شہری اس بات سے متفق نظر نہیں آتے۔ دکانداروں کا کہنا ہے حکومت نے ہر چیز پر ٹیکس لگا رکھا ہے تو پھر وہ کیسے سستی چیزیں فروخت کر سکتے ہیں۔ اگر ٹیکس ختم کر دیا جائے تو مہنگائی ختم کی جاسکتی ہے۔ لنڈے بازار میں مہنگائی سے پریشان شہری تجاوزات کی بھرمار سے تنگ نظر آتے ہیں۔ اس وجہ سے نہ صرف شہریوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے۔ بدلتے موسم کے ساتھ ہی لنڈے بازار کی رونقیں بڑھنے لگی ہیں لیکن روز بہ روز بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے اب لنڈے بازار میں بھی ضروریات زندگی غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔