Saturday, July 27, 2024

لالی وڈ کی میوزیکل رومانوی کامیڈی فلم ”رنگ عشقے دا“ کی نمائش ملتوی

لالی وڈ کی میوزیکل رومانوی کامیڈی فلم ”رنگ عشقے دا“ کی نمائش ملتوی
December 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لالی وڈ کی میوزیکل رومانوی کامیڈی فلم ”رنگ عشقے دا“ کی نمائش ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔

لالی وڈ کے شہرہ آفاق رائٹر پرویز کلیم کی ڈائریکشن میں بنی نئی میوزیکل رومانوی کامیڈی فلم ”رنگ عشقے دا“ کی نمائش پروڈیوسرز نے ملتوی کردی ہے اور اب فلم کی نمائش 23 دسمبر کے بجائے ایک نئی تاریخ کو کی جائے گی جس کا جلد باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔

فلم کی پروڈکشن ٹیم کے مطابق ”رنگ عشقے دا “ کی نمائش میں تبدیلی حکومت کی جانب سے سینماؤں کیلئے جاری نئے اوقات کار کے باعث کرنا پڑی کیونکہ رات آٹھ بجے کے بعد سینما گھروں کو بند کرنے کا فیصلہ فلم بزنس کیلئے مناسب نہیں ہے۔

”رنگ عشقے دا“ کی سٹار کاسٹ میں فریش سٹار علی عباس سید، آمنہ راہی اور زاریہ خان شامل ہیں جبکہ لالی وڈ کی سینئر فنکارائیں مدیحہ شاہ، نغمہ بیگم اور کامیڈین افتخار ٹھاکر بھی منفرد کرداروں میں جلوہ گر ہیں۔

”رنگ عشقے دا“ کی نمائش 23 دسمبر کو ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے ہونا تھی جبکہ اسے پاکستان کے علاوہ کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھی سینماؤں کی زینت بنایا جائے گا۔

ڈسٹری بیوشن کلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد نے کہا کہ ”رنگ عشقے دا“ فریش سٹار کاسٹ کی حامل معیاری فیملی فلم ہے جسے پروڈیوسر حضرات کے فیصلے کے مطابق ملک بھر کے سینماؤں میں جلد نمائش کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔