Friday, April 26, 2024

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بادل برس پڑے، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بادل برس پڑے، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
May 26, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور سمیت پنجاب بھر میں بادل برس پڑے، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ برسنے والے بادلوں نے گرمی کو بریک لگا دی۔ بیشتر شہروں میں ابھی بھی آسماں پر بادلوں کے ڈیرے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور میں صبح سویرے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کی انٹری ہوئی۔ جوہر ٹاون ، مسلم ٹاون ، جیل روڈ، کینال روڈ، ظہور الٰہی روڈ، اچھرہ، مزنگ گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں بادل کھل کر برسے۔
قصور اور عارف والا میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی تاہم متعدد علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا
چونیاں، رینالہ خورد،پاکپتن اور چیچہ وطنی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسے۔
بصیرپور اور اوکاڑہ میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ اور گرد و نواح میں بھی گزشتہ کئی گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
میانوالی اور مضافاتی علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی،،ژالہ باری سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر موسم جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ بیشتر علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بادل برسنے کا امکان ہے۔