Thursday, April 25, 2024

لاہور سمیت دیگر شہروں میں دالیں، چاول، سبزیاں اور پھل غریب کی خرید سے باہر ہوگئے

لاہور سمیت دیگر شہروں میں دالیں، چاول، سبزیاں اور پھل غریب کی خرید سے باہر ہوگئے
June 26, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - صوبائی درالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں میں مہنگائی کا راج برقرار ہے، اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ دالیں، چاول، سبزیاں اور پھل غریب کی وقت خرید سے باہر ہونے لگے، خریداری کیلئے آئے شہری قیمتوں کا سن کر مایوس دیکھائی دے رہے ہیں۔

مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہونے لگا۔ حکومت کی جانب سے لگائے گئے سستے اتوار بازاروں اور عام مارکیٹوں میں سبزیاں،پھل اور دالیں غریب کی قوت خرید سے باہر ہونے لگیں، دیگر اشیاء ضروریہ کے بعد دالوں کی قیمت میں 15 روپے سے 55 روپے فی کلو گرام تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافہ کے بعد دال ماش 295 روپے سے بڑھ کر 360 روپے کلو جبکہ دال مسور کی نئی قیمت 255 سے 300 روپے کلو ہوگئی ہے۔ نئی ریٹ لسٹ کے مطابق باسمتی چاول کے نرخ 20 روپے اضافے کے بعد 135 سے بڑھ کر 155 روپے فی کلو ہوگئے ہیں۔

مہنگائی کے ستائے شہری کہتے ہیں بڑھتی مہنگائی نے ان مشکلات میں جینا دوبھر کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے لگائے گئے سستے بازروں میں اس وقت آلو 70 سے 80 روپے فی کلو جبکہ پیاز اور ٹماٹر 100 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔ جبکہ لہسن چائینہ 300 روپے اور ادرک 250 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔