لاہور (92 نیوز) - مسلسل بارش نے سڑکیں اور گلیاں تالاب میں تبدیل کر دیں، لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے میں مشکلات کا سامنا۔
گزشتہ چند گھنٹوں سے جاری بارش نے شہر بھر کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ جناح اسپتال کے کئی وارڈ بارش کے پانی میں ڈوب گئے۔ جوہر ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، قرطبہ چوک، اچھرہ، والٹن روڈ، چونگی امر سدھو، جین مندر چوک، چوبرجی اور جیل روڈ پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔
گلشن راوی میں سب سے زیادہ 201 ملی میٹر بارش ہوئی جب کہ ایئرپورٹ، تاج پورہ اور نشتر ٹاؤن میں 195 ملی میٹر، 193 ملی میٹر اور 190 ملی میٹر بارش ہوئی۔ تمام سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ رائے ونڈ اور چاہ میراں میں دو چھتیں گر گئیں۔
شدید بارش کے باعث 160 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ مسلسل بارش کی وجہ سے کئی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ادھر قصور، الہ آباد اور جڑانوالہ سمیت کئی شہروں میں بھی تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا موجودہ سلسلہ 26 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔