Tuesday, May 7, 2024

دل پر پتھر رکھ کر پٹرول مہنگا کرنے کا فیصلہ کیا، شہباز شریف

دل پر پتھر رکھ کر پٹرول مہنگا کرنے کا فیصلہ کیا، شہباز شریف
May 28, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے دل پر پتھر رکھ کر پٹرول مہنگا کرنے کا فیصلہ کیا۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا قومی خزانے سے ماہانہ 28 ارب روپے خرچ کر کے عوام کو ریلیف دیا۔ لوگوں کے پاس علاج کے پیسے ہیں اور نہ ہی کھانے کے لیے روٹی ہے۔ ان حالات میں لوگوں کے پاس کاروبار ہے اور نہ ہی نوکری ہے۔

ادھر اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے بھی حاضری مکمل کروائی۔

شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ استغاثہ کو معلوم تھا کہ مقدمات میں شہادتیں موجود نہیں۔ مقدمہ سیاسی انتقام کی بڑی مثال ہے۔ ایف آئی ار کاٹنے میں جلدی کی گئی۔ جب مقدمے کا چالان جمع کرایا گیا تو اس میں کئی خامیاں تھیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ سلمان شہباز کے وارنٹ کا کیا بنا؟ یہ وارنٹ کیسے بنائے گئے؟ سلمان شہباز کا نام ہے اس کی ولدیت درج نہیں۔ یہ بتائیں کہ یہ کون سا سلمان شہباز ہے جس کے وارنٹ نکلے؟عدالت نے ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم پر برہمی کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے روسٹرم پر آ کر بتایا کہ عدالت کے احترام میں آیا ہوں۔ ساڑھے بارہ سال صوبے کی خدمت کی۔ آج تک ایک ڈھیلے کی کرپشن نہیں کی۔ پٹرول تک پاس سے دلواتا ہوں۔ پنجاب کی خدمت کی، بیرون ملک جانے اور ہوٹل کے اخراجات جیب سے کیے۔ اگر میں اتنی کرپشن کروں تو میں کوئی مجنوں ہی ہوں گا۔ میرے خاندان کو دو ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

سماعت کے دوران شہباز شریف کے اجازت طلب کرنے پرعدالت نے انہیں جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے حمزہ شہباز شریف کو بھی جانے کی اجازت دے دی۔ اس موقع پر عدالت کے اندر اور باہر سکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے تھے۔