Friday, April 26, 2024

لاہور ہائیکورٹ، نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے حلف کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی نمائندہ مقرر

لاہور ہائیکورٹ، نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے حلف کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی نمائندہ مقرر
April 29, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور ہائیکورٹ نے عدالت نے نئے وزیر اعلی پنجاب کے حلف کیلئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو نمائندہ مقرر کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے حمزہ شہباز کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے ہاٸی کورٹ کے پہلے دو فیصلوں کی توثیق کر دی، عدالت کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ کے پہلے دو فیصلوں کی روشنی میں سپیکر حلف لیں۔ بنیادی حقوق کا تحفظ اس عدالت کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی حکومت کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کل دن ساڑھے 11 بجے حلف لیں۔

اس سے قبل حمزہ شہباز نے حلف نہ لینے کے خلاف تیسری مرتبہ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں وفاقی اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ حلف برداری سے متعلق احکامات جاری کر چکی لیکن گورنر پنجاب ایک بار پھر عدالتی حکم ماننے سے انکار کر رہے ہیں۔

استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے نمائندہ مقرر کرنے کے ساتھ ساتھ وقت اور جگہ کا تعین بھی کرے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطاء تارڑ کا کہنا تھا 28 روز ہو گئے ہیں پنجاب میں کوئی حکومت ہے نہ ہی کوئی نظام۔ عمران خان پنجاب کی عوام سے انتقام لے رہے ہیں۔