Wednesday, May 8, 2024

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پھر سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 337 ریکارڈ

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پھر سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 337 ریکارڈ
November 22, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور میں اسموگ کے خطرات بڑھنے لگے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور سرفہرست آگیا، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 337 ریکارڈ کیا گیا، شکر گڑھ میں فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف 12 مقدمات درج کرلیے گئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہورمیں اسموگ کی شدت مزید بڑھ گئی ! دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہورپہلے نمبر پر آگیا، شہر کا مجموعی ایئرکوالٹی انڈیکس 337 ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق ٹاون ہال میں اے کیو آئی 243، پنجاب یونیورسٹی 226 اور لاہورکالج فارویمن یونیورسٹی میں فضائی آلودگی کی شرح 216 ریکارڈ کی گئی۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو اسموگ کی شدت میں اضافے کے باعث حفاظتی تدابیراختیارکرنے کی ہدایت کردی جبکہ پنجاب حکومت نے اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں ماسک کے استعمال کو لازمی قراردے دیا۔

دوسری جانب شکر گڑھ میں فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف 12 مقدمات درج کیے گئے، ڈی سی نارووال سید حسن رضا کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے افراد کو 9 لاکھ 43 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسٹنٹ کمشنر شکر گڑھ کی جانب سے اسموگ آگاہی مہم کے دوران فری ماسک بھی تقسیم کیے گئے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ،نارووال اور گر دو نواح میں دھنداوراسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔