Friday, March 29, 2024

لاہور اور گردونواح میں مسلسل گرمی کے بعد بارش، لوگوں کے چہرے کھل اٹھے

لاہور اور گردونواح میں مسلسل گرمی کے بعد بارش، لوگوں کے چہرے کھل اٹھے
May 6, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور اور گردونواح میں مسلسل گرمی کے بعد بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ لوگوں کے چہرے بھی کھل اٹھے۔

شدید گرم موسم نے ایسی انگڑائی لی کہ گرمی ماضی کا قصہ لگنے لگی۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی تو فطرت کے سارے رنگ نکھر گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح ہی صبح تیز ہوائیں اور بارش درجہ حرارت کی درجے نیچے لے آئی۔ بارش کی بوندوں نے سڑکوں اور پودوں پر جمی گرد کو دھو دیا۔ پتوں اورپھولوں کے سارے رنگ نکھرے تو فطرت کے نکھرے رنگوں کا شہریوں کے موڈ پر بھی اثر دیکھنے میں آیا۔ کوٹ رادھاکشن میں بھی بارش سے موسم کی حدت رفو چکر ہو گئی۔ منچن آباد میں بھی بارش نے سردی کو ریورس گیئر لگا دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر ،گلگت بلتستان اور پنجاب  مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔