Sunday, September 8, 2024

لاہور، سرگودھا اور ٹبہ سلطان پور سمیت کئی شہروں میں بادل برس پڑے

لاہور، سرگودھا اور ٹبہ سلطان پور سمیت کئی شہروں میں بادل برس پڑے
January 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پنجاب میں بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ لاہور، سرگودھا ،کوٹ رادھا کشن، رینالہ خورد اور ٹبہ سلطان پور سمیت کئی شہروں میں بادل برس پڑے۔

 کوژک ٹاپ، شیلا باغ، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، شاہرگ میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ قصور اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ بارش کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔ پھولنگر اور گردونواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کوٹ رادھا کشن اور گردونواح میں بارش ہوئی۔ بعض مقامات پر بوندا باندی جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

لاہور میں علی الصبح لکشمی چوک میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گلشن راوی اور جوہر ٹاؤن میں 1.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ گلبرگ، مغل پورہ اور اندرون شہر میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

ادھر ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے شہر میں ہونے والی بارش کے پیش نظر ہدایات جاری کر دیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی ،واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واسا مشینری فعال رکھے، افسران نشیبی علاقوں کے دورے کریں۔ شہری بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں، درختوں کے نیچے کھڑے نہ ہوں۔ دیواروں کے ساتھ ہو کر نہ چلیں، فاصلہ رکھیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سارا دن وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

دوسری طرف کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بارش اور شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ کوژک ٹاپ، کان میترزئی، مسلم باغ، زیارت، سنجاوی اور ژوب میں برفباری ہوئی۔ زیارت سنجاوی اور زیارت ڈومیارہ روڈ برفباری کی وجہ سے بند ہو گئے۔ کوژک ٹاپ اور کان میترزئی بھی بند ہو گئے۔ پی ڈی ایم اے نے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا۔