Thursday, April 18, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں صبح کے اوقات میں دھند کا راج رہا

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں صبح کے اوقات میں دھند کا راج رہا
December 19, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں صبح کے اوقات میں دھند کا راج رہا۔ دفاتر جانے والے شہریوں اور اسکول کے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر شہروں میں آج بھی بارش کا کوئی امکان نہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند کی شدت میں اضافہ ہونے لگا۔ صبح کے اوقات میں دھند نے ہر چیز کو دھندلا کئے رکھا جس سے اسکول جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

علی پورچٹھہ ، گوجرنوالہ،حافظ آباد اور وزیرآباد میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ شرقپور، رینالہ خورد، شیر گڑھ، پل جوڑیاں سمیت اطراف میں دھند سے حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی۔

قصور چونیاں اور اوکاڑہ میں بھی دھند کے باعث اسکول جانیوالے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ الہ آباد میں بھی دھند نے ہر چیز کو دھندلا کردیا، سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

ادھر دھند کی شدت کے باعث موٹر وے بھی ٹریفک کیلئے بند رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم آج بھی خشک رہے گا، تاہم میدانی علاقے صبح اور شام کے اوقات میں دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ تحفظ ماحول کے جاری کردہ اعداوشمار کے مطابق ٹاون ہال، مال روڈ پر ائیر کوالٹی انڈیکس 133 رہا جبکہ ٹائون شپ میں 58 ریکارڈ کیا گیا۔