لاہور (92 نیوز) - لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش ،،، نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں ایک بار پھر بادلوں کی اننگ جاری ہے۔ جوہر ٹاون، لکشمی چوک، گلشن راوی، وحدت روڈ، جیل روڈ، مال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں جاری بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ والٹن روڈ، عابد مارکیٹ ، فیروز پور روڈ اور گلبرک کے بیشتر علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 152 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 139، لکشمی چوک میں 101 اور تاجپورہ میں 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
قصور، الہ آباد،پھالیہ،علی پورچٹھہ اور منڈی بہاولدین میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بیشتر علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، گلیاں محلے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
گوجرانوالہ، چونیاں اور پتوکی میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ننکانہ صاحب شرقپورشریف، ،نارروال اور شکرگڑھ سمیت متعدد شہروں میں جاری بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آج دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔