Friday, April 26, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند کا راج، موٹر وے بند، حادثہ میں 2 افراد جاں بحق

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند کا راج، موٹر وے بند، حادثہ میں 2 افراد جاں بحق
December 20, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند کا راج ہے، دھند کے باعث اندرون و بیرون ملک جانیوالی پروازیں تاخیر کا شکار اور موٹر وے ٹریفک کیلئے بند رہی۔ پتوکی میں ہونیوالے ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں ہوگئے۔ 

صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں دھند کا راج ہے، دھند کی وجہ سے جہاں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے وہیں حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے
پتوکی میں پھولنگر بائی پاس پر دھند کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

ملتان روڈ پر ہونیوالے ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 12 سے زائد زخمی ہو گئے۔

قصور، اوکاڑہ ، کوٹ رادھاکشن اورشرقپورشریف میں بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ گوجرانوالہ،نارروال، شکر گڑھ اور مریدکے میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہی۔

ننکانہ صاحب، حویلی لکھا اور حجرہ شاہ مقیم میں بھی صبح کے اوقات میں دھند کے بادل چھائے رہے۔ دھند کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر رہا، اندرون و بیرون ملک جانیوالی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

ادھر دھند کی شدت میں اضافے کے باعث موٹر وے بھی بیشتر مقامات سے بند رہی۔