Friday, March 29, 2024

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا، مزید 152 مریض رپورٹ

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا، مزید 152 مریض رپورٹ
September 19, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھی ڈینگی بخار کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے، ایک دن کے دوران مزید 152 افراد کی رپورٹس مثبت آگئیں۔

بدلتے موسم کے ساتھ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہونے لگا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 152 مریض رپورٹ ہوئے۔

سیکرٹری صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی سے 71، لاہور سے 47 جبکہ گوجرانوالہ سے 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔ قصور، وہاڑی اور شیخوپورہ سے تین، تین کیسز سامنے آئے جبکہ ملتان، نارووال اور ساہیوال سے بھی 2، 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔

لیہ، راجن پور، حافظ آباد، خانیوال، چکوال، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ سے 1،1 کیس رپورٹ ہوا۔

رواں سال کے دوران پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی کے 3437 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، صرف لاہور میں ڈینگی کے کل 1384 کیسز سامنے آئے ہیں، اس وقت لاہور سمیت صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 816 مریض داخل ہیں۔

گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب 266,594 ان ڈور مقامات کو چیک کیا جہاں 1925 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔

کراچی میں مچھر مار اسپرے مہم شروع نہ ہوسکی، مزید 386 افراد ڈینگی کا شکار

ادھر کراچی میں مچھر مار اسپرے مہم شروع نہ ہوسکی، صرف 24 گھنٹے کے دوران مزید 386 افراد ڈینگی مچھر کا شکار بن گئے، 2 مریض جان سے بھی گئے۔

نیپاچورنگی پر واقع سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال میں 40 سے زائد چھوٹے بچے اور نوجوان بھی ڈینگی کا شکارہونے کے بعد زیرعلاج ہیں ،کہتے ہیں پہلے پریشان تھے لیکن اب داخلے کے بعد بہتر علاج ہورہا ہے۔

میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کلثوم بشیر نے 92 نیوز کو بتایا کہ ڈینگی مچھر نے وبائی صورت اختیارکررکھی ہےعوام کو احتیاط اپنانے کی ضرورت ہے۔

ڈینگی کی تشویشناک ہوتی صورتحال پر وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کے ایم سی کو اسپرے مہم شروع کرنے کی ہدایت دی گئی تھی تاہم اس پر عمل درآمد تاحال نہیں ہوسکا ہے البتہ ڈینگی اور ملیریا پروگرامز چلانے والے افسران کی جانب سے صوبائی حکومت سے 66 کروڑ روپے اضافی فنڈز ضرور طلب کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب سندھ میں سیلاب کے بعد ملیریا کے کیسز بھی تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں 24 گھنٹوں کے دوران 1310 افراد میں ملیریا کی تصدیق ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ لاڑکانہ میں 603 کیسزرپورٹ ہوئے جبکہ کراچی میں 17 افراد میں ملیریا کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں ڈینگی مچھر نے مزید ایک مریض کی جان لے لی، مزید 57 بخار میں مبتلا

دوسری جانب اسلام آباد میں ڈینگی مچھر نے مزید ایک مریض کی جان لے لی، 24 گھنٹے کے دوران شہر میں ڈینگی بخار کے 57 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کیسز روز بروز بڑھنے لگے، ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 57 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ شہری علاقوں میں 12 جبکہ دیہی ایریاز میں 45 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پولی کلینک میں اسپتال میں 4 فیڈرل جنرل اسپتال میں 21 نئے مریض رپورٹ ہوئے جبکہ نجی اسپتالوں میں 22 مریض لائے گئے ہیں۔

ڈی ایچ اواسلام آباد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ڈینگی متاثرین کی تعداد 1388 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ روز ایک شخص جاں بحق ہوا۔ ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد کے بڑے اسپتال پمز میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا گیا، طبی سہولیات میں کمی کے باعث مریض خوار ہونے لگے، مچھر دانیاں نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی پھیلنے کے خدشات اور بڑھ گئے۔