Saturday, September 21, 2024

لاہور صحافی کالونی فیز ٹو کیلئے روڈا ایریا میں 700 کنال اراضی مختص کرنیکی منظوری

لاہور صحافی کالونی فیز ٹو کیلئے روڈا ایریا میں 700 کنال اراضی مختص کرنیکی منظوری
December 10, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور صحافی کالونی فیز ٹو کے لیے روڈا ایریا میں 700 کنال اراضی مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے لاہور پریس کلب ہاؤسنگ اسکیم فیز ٹو کے لئے روڈا ایریا میں 700 کنال اراضی مختص کرنے کی منظوری دے دی۔ صدر لاہور پریس کلب اعظم چودھری اور سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس رانا محمد عظیم نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے ملاقات کی۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں 500 کنال اراضی پر صحافی کالونی فیز ٹو کا اعلان کیا گیا تاہم اراضی کم ہونے کے باعث روڈا ایریا میں اراضی فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ لاہور پریس کلب کے ملازمین کو بھی 5،5 مرلے کے پلاٹس دئیے جائیں گے۔ پریس کلب کی ممبر شپ نہ رکھنے والے بیمار اور معذور صحافیوں کو بھی فیز ٹو میں 5،5 مرلے کے پلاٹس دیں گے۔

لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور جنرل سیکرٹری پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے فیز ٹو کے لئے 700 کنال اراضی کی منظوری پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے معاون خصوصی اوقاف و مذہبی امور سید رفاقت علی گیلانی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، محکمہ کی کارکردگی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ سیرت اکیڈمی کو نبی پاکؐ کی تعلیمات کو فروغ دینے کیلئے قائم کیا مگر ن لیگ نے اس اہم ترین پراجیکٹ کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھایا۔ اب سیرت اکیڈمی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کلاسیں شروع کی جا رہی ہیں، ریسرچ سکالرز کیلئے ہاسٹل بھی تعمیر کیا جائے گا۔