لاہور (92 نیوز) - صوبائی دارلحکومت لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر سے اضافہ ہوگیا۔ خریداری کیلئے آئے شہری قیمتوں کا سن کر پریشان ہوگئے، دکاندار کہتے ہیں منڈی میں قیمتیں بڑھ چکی ہیں جس وجہ سے قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہیں۔
صوبائی دارلحکومت لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی بڑھتی قیمتوں نے خریداری کیلئے آئے شہریوں کو چکرا کے رکھ دیا۔ ہر ہانڈی کا لازمی جز سمجھے جانیوالا ٹماٹر ایک بار پھر 100 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا ہے جبکہ ادرک 895، لیموں 190، سبز مرچ 110، آلو اور پیاز 80 روپے، پھول گوبھی 160، بینگن 110، بھنڈی 100، کریلے 70 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
خریداری کیلئے آئے شہری قیمتوں کا سن کر پریشان ہیں، کہتے ہیں پہلے ہی مہنگائی نے جینا دوبھر کیا ہوا ہے، دو وقت تو دور ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل سے مشکل تر ہونے لگا ہے۔
پھلوں کی بات کی جائے تو درج اول کا سیب 350، عام چونسہ 180 اور دوسہری 160 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح کیلا 160 روپے فی درجن جبکہ آلو بخارے 280، خوبانی 180 اور آڑو 160 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہا ہے۔
دکاندار کہتے ہیں منڈی سے سبزیاں، پھل مہنگے داموں مل رہے ہیں جس وجہ سے قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہیں۔