لاہور (92 نیوز) لاہور میں صبح سویرے پھر بادل برس پڑے۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا اور کئی فیڈر بھی ٹرپ کر گئے۔ شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی جس سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ بارش کے باعث اسموگ کا مکمل خاتمہ ہو گیا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس میں پاکستان 11 نمبر پر آ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں بارشوں کا حالیہ سلسلہ ہفتے کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر کراچی میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا نظام متاثر ہو گیا۔ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ آج دن بھر بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری جاری ہے۔ کوژک ٹاپ، کان میترزئی اور توبہ اچکزئی میں برف ہی برف ہے۔ کوئٹہ چمن شاہراہ سمیت متعدد سڑکیں بند ہو گئیں اور مسافر پھنس گئے۔ پی ڈی ایم اے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ ہیوی مشنری سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔