Sunday, September 8, 2024

لاہور میں رات سے بادلوں کی برسات، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش

لاہور میں رات سے بادلوں کی برسات، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش
January 5, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور میں بھی رات سے بادلوں کی برسات کا سلسلہ جاری ہے۔ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔

لاہور میں سوموار کی رات شروع ہونے والی رم جھم رک رک کر جاری ہے جس سے سڑکوں پر پھسلن بڑھ گئی ہے۔ سرگودھا، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان، رحیم یارخان سمیت پنجاب بھر میں وقفہ وقفہ سے بارش جاری ہے۔

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزادکشمیر کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سوات، اپردیر، کالام، چترال اور دیگر علاقوں میں پہاڑوں پر برف ہی برف نظر آئی ہے۔ شدید برفباری کے باعث زمینی راستے منقطع ہو گئے ہیں۔ لواری ٹنل کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

ادھر بلوچستان کے علاقوں قلعہ سیف اللہ، چاغی، زیارت، کان مہترزی اور خانوزئی میں شدید برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے قومی شاہراہ پر ٹریفک شدید متاثر ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں اتوار کی رات سے شروع ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ شمالی بلوچستان میں ندی نالے تباہی پھیلا کر گزر گئے۔ چمن میں 100 سے زائد گھروں، اسکولوں اور مساجد کو نقصان پہنچا۔ سیلابی ریلے کسی رابطے سڑکیں بھی بہا کر لے گئے۔ مکران ڈویژن اور گوادر میں بھی بارشوں سے تباہی پھیلی۔ مکران ڈویژن کے تین اضلاع میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

دوسری طرف ملکہ کوہسار مری میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، سیاحوں نے وادی کا رخ کر لیا۔ چوبیس گھنٹوں میں 46 ہزار گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔ بلوچستان کے علاقہ کان مہترزی اور خانوزئی میں بھی شدید برفباری ہوئی۔ کمراٹ، مالم جبہ اور آزاد کشمیر میں بھی پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔