Thursday, April 25, 2024

لاہور میں تحریک انصاف کو ریلی نکالنے سے روک دیا گیا، کشیدگی، درجنوں کارکن گرفتار

لاہور میں تحریک انصاف کو ریلی نکالنے سے روک دیا گیا، کشیدگی، درجنوں کارکن گرفتار
March 8, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور میں تحریک انصاف کو ریلی نکالنے سے روک دیا گیا، کینال روڈ پر زمان پارک کے قریب کشیدگی بڑھ گئی۔ پولیس نے دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی پر درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

تحریک انصاف آج ریلی نکالنے پر مصر جبکہ پولیس روکنے کی کوششوں میں مصروف رہی، پہلے شہر میں دفعہ 144 لگائی، پھر زمان پارک کے باہر آپریشن کردیا۔

زمان پارک کے باہر کا علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا، پولیس نے شیلنگ کی، لاٹھیاں برسائیں اور واٹر کینن سے پی ٹی آئی کارکنوں کو دھو ڈالا۔

ریلی میں شرکت کیلئے زمان پارک پہنچنے والے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ زمان پارک جانے والے راستے بھی کنٹینر لگا کر بند کردیئے گئے، گاڑیوں کے شیشے بھی توڑے گئے۔

حماداظہرنے کہا کہ پنجاب میں الیکشن شیڈول آگیا ہے لیکن حکومت عمران خان کو انتخابی مہم شروع نہیں کرنے دے رہی۔

زمان پارک کے باہر جھڑپوں میں پی ٹی آئی کے کئی کارکن اور پولیس اہلکارزخمی بھی ہوئے، جنہیں سروسز اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔