Saturday, May 18, 2024

لاہور میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع

لاہور میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع
July 23, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور، کامونکی، شرقپور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ لاہور اور گردونواح میں کھل کر بادل برسے اور سڑکیں اور گلیاں پھر ڈوب گئیں۔ شاہدرہ، شاد باغ، چائنہ اسکیم، باغبانپورہ، شام نگر، سمن آباد، سبزہ زار، منصورہ، اقبال ٹاؤن، ہنجروال سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ دوپہر تک جوہر ٹاؤن میں 66، نشتر ٹاؤن میں 58 اور گلبرگ میں 13.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

موسلا دھار بارش کے باعث بیدیاں روڈ کینال ویوسوسائٹی میں بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی۔ ملبے تلے دب کر 2 افراد 40 سالہ دلاور اور 12 سالہ عثمان جاں بحِق ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا حالیہ اسپیل آئندہ 2 سے 3 روز مزید جاری رہے گا۔

بارشوں کی وجہ سے ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔ قراقرم ایکسپریس پونے 8 گھنٹے، علامہ اقبال ایکسپریس پونے سات اور بزنس ایکسپریس 6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ شاہ حسین ایکسپریس، ملت ایکسپریس چھ، چھ جبکہ رحمان بابا ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس 4،4 گھنٹے لیٹ ہے۔

بارش کے دوران لیسکو ریجن میں بجلی کا ترسیلی نظام جواب دے گیا اور کئی فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی بند ہو گئی۔ شرقپور شریف  اور گردونواح میں بارش سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

کامونکی اور نواح میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ رینالہ خورد، عارف والا ، اوکاڑہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ظفر وال اور گردونواح میں بارش کے باعث نالہ ڈیک میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ محکمہ آب پاشی کے مطابق نالہ ڈیک سے 5 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔