Sunday, September 8, 2024

لاہور میں سمن آباد کالج کی مغوی طالبہ نمرہ کامونکی سے بازیاب

لاہور میں سمن آباد کالج کی مغوی طالبہ نمرہ کامونکی سے بازیاب
January 20, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور میں سمن آباد کالج کی مغوی طالبہ نمرہ کامونکی سے بازیاب کروا لی گئی۔ ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے نمرہ کو کامونکی سے بازیاب کروایا گیا۔ مغویہ کو ماموں زاد کزن محسن سے بازیاب کرایا۔ ملزم مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔

واضح رہے سمن آباد گرلز کالج سے 22 سالہ طالبہ نمرہ کو اغواء کیا گیا تھا۔ لڑکی کی بازیابی کیلئے اس کے موبائل فون ڈیٹا کو چیک کیا گیا تھا۔ پولیس نے لڑکی کی دوستوں سے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔ متاثرہ لڑکی کے کالج داخل ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور اٹینڈنس رجسٹر کی تفصیلات بھی موجود تھیں۔ مغویہ اپنے بھائی کیساتھ موٹرسائیکل پر کالج آئی تھی۔

 اس کے علاوہ فوٹیج میں مغویہ کو کالے رنگ کے لباس میں کالج میں داخل ہوتے دیکھا گیا تھا۔ رجسٹر ریکارڈ کے مطابق مغویہ کی 18 جنوری کو حاضری بھی لگی ہوئی تھی۔ مغویہ سیکنڈ ایئر کے امتحانات دینےآئی تھی۔ مغویہ کی دو سال کی بیٹی ہے اور شوہر دبئی نوکری کرتا ہے۔