Sunday, September 8, 2024

لاہور میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت، مارکیٹ میں متعلقہ دواؤں کی قلت

لاہور میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت، مارکیٹ میں متعلقہ دواؤں کی قلت
January 23, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت آ نے پر مارکیٹ میں متعلقہ دواؤں کی قلت پیدا ہو گئی۔ کئی میڈیکل اسٹورز پر پیناڈول گولی موجود نہیں۔

شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ان کا کہنا ہے پیناڈول بنیادی ضرورت ہے۔ کئی میڈیکل اسٹور دیکھ لیے لیکن پیناڈول نہیں مل سکی۔ حکومت ڈینگی وبا میں بھی پیناڈول کی قلت دور نہیں کر سکی تھی۔

ادھر اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی فلو اور بخار کی گولیاں مارکیٹ سے غائب ہوگئیں ۔ گولیوں کی عدم دستیابی سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسلام آباد کے میڈیکل اسٹورز پر موسمی فلو اور بخار کیلئے استعمال ہونے والی گولیاں دستیاب نہیں۔ فلو کیخلاف مؤثر سمجھی جانے والی ایزومیکس اور دیگر گولیاں نہ ملنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوائیوں کی عدم دستیابی کے باعث اسپتالوں میں ڈاکٹرز بھی پریشان ہیں۔ مریضوں کو متبادل دوائیں دی جارہی ہیں جو کہ فلو اور دیگر بیماریوں کیخلاف زیادہ موثر ثابت نہیں ہورہی ہے۔

عوام نے وزارت صحت حکام سے دوائیوں کی ذخیرہ اندوزی روکنے اور مارکیٹوں میں دستیابی کو ممکن بنانے کیلئے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔