لاہور (92 نیوز) - باغوں کے شہر لاہور کی فضا مسلسل آلودہ ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافہ ہونے لگا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں اسموگ بڑھنے لگی۔ محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ٹاؤن ہال، مال روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 111 تک جا پہنچا۔ کرول گھاٹی، چائنہ اسکیم پر فضائی آلودگی کی شرح 274 جبکہ ٹاؤن شپ سیکٹر ٹو میں 78 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق مشرقی بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے کے بہت زیادہ واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ ہواؤں کے رخ مشرق کی جانب ہونے سے اسموگ کے خطرات بڑھنے لگے ہیں۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس بھی متاثر ہونے کا امکان ہے جس سے آلودگی کی شرح بھی بڑھ سکتی ہے۔
ادھر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسداد سموگ کے حوالے سے کارروائیاں جاری ہیں۔ تحصیل شالیمار کے علاقے مومن پورہ، سلطان محمود روڈ، دربار بودے شاہ محمود بوٹی، رشید پورہ، رنگ روڈ، ٹرکی روڈ پر چیکنگ کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق 03 یونٹ کو سیل جبکہ 01 انڈسٹریل یونٹ کے مالک کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیا۔ 03 یونٹس کے مالکان کو جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔