Wednesday, April 24, 2024

جدوجہد چھوٹے سے ٹولے کیخلاف ہے، جسے ایلیٹ کہتے ہیں، عمران خان

جدوجہد چھوٹے سے ٹولے کیخلاف ہے، جسے ایلیٹ کہتے ہیں، عمران خان
August 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں جدوجہد چھوٹے سے ٹولے کیخلاف ہے، جسے ایلیٹ کہتے ہیں۔ لاہور کے جلسے میں آزادی کا جشن منا ئیں گے۔

جمعرات کو اقلیتی برادری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کو بتائیں گے حقیقی آزادی کیا ہوتی ہے؟ اور حقیقی آزادی کیسے لیتے ہیں ؟ حقیقی آزادی تب ملتی ہے جب ملک میں انصاف کانظام رائج ہو، ملک میں آج جنگل کا قانون ہے۔ شہباز گل کے ڈرائیور کی ا ہلیہ کو گرفتار کرلیا، اس کی چھوٹی سی بیٹی کا بھی خیال نہیں کیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا میرا اللہ سب کا رب ہے، نبی اکرم ﷺ تمام انسانیت کے لیے رحمت اللعالمین ہیں، نبی اکرم ﷺ نے عیسائی اور یہودیوں سے میثاق مدینہ سائن کیا۔ عمران خان نے کہا مسلمان معاشرے میں تمام اقلیتیں اور انسان برابر تھے، کسی کو بھی زبردستی اسلام کی طرف نہیں لایا جاسکتا۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری آج کی جنگ ہی انصاف لینے کے لیے ہے، ہماری جدوجہد ملک کے ایک چھوٹے سے ٹولے کے خلاف ہے، یہ چھوٹا سا ٹولہ چوری کرتا ہے اور کہتا ہے میں قانون کے نیچے نہیں ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا 13 اگست کو پاکستان کی اقلیتوں کو پیغام دیں گے کہ آپ برابر کے شہری ہیں۔ عمران خان کل لاہور کا دورہ کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی کابینہ سے ملیں گے۔

اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ ملکی صورت حال اور 13 اگست کے پی ٹی آئی جلسے سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ عمران خان نے پنجاب حکومت کو لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی کے سفر میں قوم میرے ساتھ چلے۔