Sunday, September 8, 2024

لاہور ہائیکورٹ، راوی ریور پراجیکٹ کیلئے سیکشن چار کے تحت زمین کا حصول غیرقانونی قرار

لاہور ہائیکورٹ، راوی ریور پراجیکٹ کیلئے سیکشن چار کے تحت زمین کا حصول غیرقانونی قرار
January 25, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے راوی ریور پراجیکٹ کیلئے سیکشن چار کے تحت زمین کا حصول غیرقانونی قرار دیدیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے راوی اربن پراجیکٹ کیخلاف دائر درخواستیں منظور کرتے ہوئے روڈا ایکٹ کو غیر قانونی قرار دیا۔ عدالت نے فیصلہ سنا کہ ماسٹر پلان کے بغیربنائی گئی اسکیمیں غیرقانونی ہیں، زرعی زمینوں کا حصول قانونی طریقہ کار کے تحت ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ترمیمی آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 120 کے خلاف ہے، عدالت نے سیکشن چار کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے ریور راوی پراجیکٹ کے ترقیاتی کاموں کو روکنے اور روڈا اتھارٹی کو حکومت پنجاب سے حاصل کیا گیا قرض واپس کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ پراجیکٹ کیلئے 1894 کے قانون کی خلاف ورزی کرکے زمین ایکوائر کی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ترمیمی آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 120 کےخلاف ہے۔ عدالت نے اس منصوبے کے لئے ماحولیاتی معیار ایک ماہ میں قائم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر اکیس دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا اور کیس پر سماعت ایک سال سے زائد عرصہ تک جاری رہی۔