Friday, March 29, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے

لاہور ہائیکورٹ نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے
October 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے گئے۔ 

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے محکمہ اینٹی کرپشن کو کارروائی سے روک دیا، اینٹی کرپشن کی تفتیشی ٹیم کو نوٹس جاری کردیا گیا۔17 اکتوبر تک ریکارڈ طلب کرلیا۔

وزیرِداخلہ رانا ثناء اللہ پر کلر کہار میں نجی سوسائٹی کے مالک سے رشوت میں دو پلاٹ لینے اور غیرقانونی سوسائٹی کی رجسٹریشن کا الزام ہے۔ رانا ثناء اللہ اس وقت صوبائی وزیرقانون تھے۔ اس کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹرز طلب کیا گیا تھا اور پیش نہ ہونے پر وارنٹ جاری کیے گئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے دہشتگردی کے مقدمات میں وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کی 27 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی جبکہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں نامزد طارق شفیع کی 21 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

اس سے قبل وفاقی وزیرِداخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے وارنٹ گرفتاری 11 اکتوبر کو چیلنج کیے تھے۔ مؤقف اپنایا کہ اراضی فراڈ کا جھوٹا کیس بنایا گیا، اینٹی کرپشن ٹیم نے غلط بیانی کرکے وارنٹ حاصل کیے۔

سینئر سول جج راولپنڈی نے درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی تھی، عدالت کا کہنا تھا وارنٹ منسوخی کا اختیار ان کا نہیں، اینٹی کرپشن کورٹ کا ہے۔