Sunday, September 8, 2024

دفعہ 144 کا نفاذ ختم، لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست بھی نمٹا دی

دفعہ 144 کا نفاذ ختم، لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست بھی نمٹا دی
March 9, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور ہائیکورٹ نے نگران حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن واپس لینے پر پی ٹی آئی کی درخواست نمٹا دی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے نگران حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن واپس لینے پر درخواست نمٹائی۔

حماد اظہر نے دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کیا تھا۔

ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ دفعہ 144 کے حکم کو واپس لے لیا گیا ہے، کل کا دن حساس تھا اس لیے دفعہ 144 کے نفاذ کا اقدام درست قدم تھا۔

جسٹس وحید خان نے پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو ڈی سی نے ریلی کی اجازت دی؟ ڈی سی نے ریلی کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ ہی نہیں کیا تو آپ نے ریلی کیسے نکال دی؟

پی ٹی آئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ زمان پارک کل میدان جنگ بنا رہا۔

جسٹس وحید خان نے ریمارکس دیئے کہ یہ جلسے کی اسٹیج نہیں عدالت ہے۔