Friday, April 26, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کا اقدام غیرقانونی قرار دیا

لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کا اقدام غیرقانونی قرار دیا
February 10, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کا اقدام غیرقانونی قرار دے دیا۔

عدالت نے درخواستگزاروں کا نام بلیک لسٹ کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار دے کر اسے کالعدم کر دیا۔ عدالت نے شان الہی اور دیگر کا نام بلیک لسٹ کرنے کیخلاف درخواستیں منظور کر لیں۔ نواز شریف، شہباز شریف کیسز پر اعلی عدلیہ کے احکامات کے حوالے بھی فیصلے کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کیس 2007ء میں سپریم کورٹ آزاد معاشرے کیلئے بنیادی انسانی حقوق کو ریاستی مداخلت پر ترجیج دے چکی ہے۔ فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ آزاد معاشرے کیلئے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔ کسی بھی شہری کا سفر کرنا اور بیرون ملک جانا بنیادی حقوق کے آرٹیکل کا جزو ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ حکومت کسی بھی شہری کا پاسپورٹ منسوخ کرنے سے 2 ہفتے قبل اظہار وجوہ کا نوٹس دینے کی پابند ہے۔ وفاقی حکومت بغیر نوٹس صرف ایسے شہری کا پاسپورٹ منسوخ کر سکتی ہے جو ملکی مفاد کیخلاف کام کر رہا ہو۔ صرف سنگین جرائم میں ملوث افراد کے نام ہی ای سی ایل میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ریاست اگر خطرے میں ہو تو بنیادی حقوق بے معنی ہو جاتے ہیں۔

فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ 2004ء کے شہباز شریف کیس میں کسی بھی شہری کو وطن واپس آنے سے نہ روکنے کا کہا گیا ہے۔

شیخ شان الہی اور سید انور شاہ نے پاسپورٹ بلیک لسٹ کرنے کیخلاف درخواستیں دائر کی تھیں۔