Friday, April 26, 2024

لاہور ہائیکورٹ کا اسموگ کے باعث اسکولز اور کالجز کی چھٹیاں مزید ایک ہفتہ بڑھانے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کا اسموگ کے باعث اسکولز اور کالجز کی چھٹیاں مزید ایک ہفتہ بڑھانے کا حکم
December 27, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے باعث اسکولز اور کالجز کی چھٹیاں مزید ایک ہفتہ بڑھانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے چھٹیوں میں توسیع کا نوٹیفکیشن بھی مانگ لیا، اسموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کے خلاف درخواست پر سماعت دو جنوری تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے تھیٹرز کو رات ساڑھے گیارہ بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت بھی دے دی۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہونے سے اسموگ میں اب بہتری آئی ہے، جو سکول جمعہ کے روز بند نہیں کرتے انتظامیہ انکے سکول سیل کردے، محکمہ ایجوکیشن سختی سے احکامات پر عملدرآمد کروائے۔

عدالت نے لاہور کی مارکیٹس کو رات دس بجے بند کرنے کا حکم دے دیا، ابھی اتوار کے روز مارکیٹس کھلی رکھیں، اتوار کے روز مارکیٹس دوپہر دو بجے کُھلیں ہونگی۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ تمام ریسٹورنٹس ہفتے کے چار روز رات دس بجے بند ہونے چاہیے، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے تین روز تمام ریسٹورنٹس رات گیارہ بجے بند کرنے کا حکم دے دیا۔