Saturday, May 4, 2024

لاہور ہائیکورٹ، حکومتی وکیل کو توشہ خانہ کے ریکارڈ کیساتھ بیان حلفی جمع کرانیکی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ، حکومتی وکیل کو توشہ خانہ کے ریکارڈ کیساتھ بیان حلفی جمع کرانیکی ہدایت
January 19, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کے وکیل کو توشہ خانہ کے ریکارڈ کے ساتھ بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والی شخصیات کی تفصیلات فراہم کرنے کے حوالے سے درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس عاصم حفیظ نے ریمارکس دیئے کہ توشہ خانہ کے سربراہ کا بیان حلفی دیں کہ کیسے یہ تحائف خفیہ ہیں؟ اگر عدالت مطمئن ہوئی کہ واقعی یہ تحائف خفیہ ہونے چاہئیں تو عدالت انہیں عام کرنے کا حکم نہیں دے گی۔

کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ‏2015ء میں وزیراعظم آفس نے توشہ خانہ کی تفصیلات خفیہ رکھنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ تفصیلات عام ہونے سے میڈیا میں اچھالا جاتا ہے جس سے بین الاقوامی تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے جواب میں لکھا ہے توشہ خانہ کے تحائف منظر عام پر آنے سے میڈیا ہائپ بن جاتی ہے۔

فاضل جج نے استفسار کیا صرف یہ وجہ ہے کہ توشہ خانہ کے تحائف خفیہ رکھے جاتے ہیں؟ اس میں ملکی سلامتی اور بین الاقوامی تعلقات کہاں سے آگئے؟ اگر ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی کا تحفہ آتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اس کے بدلے ایل این جی کا ٹھیکہ دیں تو پھر کیا ہوگا؟

درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے سوال کیا کہ 2015ء سے پابندی کے باوجود عمران خان کے تحائف کی تفصیلات کیسے منظرعام پر آئیں؟ ‏تفصیلات سامنے لانے والے کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟

وفاقی حکومت نے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ ‏عمران خان کی تفصیلات عام نہیں کیں، عدالت نے سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی۔