Sunday, September 8, 2024

لاہور دھماکے پر ایک آدمی کے پیچھے ہیں، شیخ رشید

لاہور دھماکے پر ایک آدمی کے پیچھے ہیں، شیخ رشید
January 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید کہتے ہیں کہ لاہور دھماکے پر ایک آدمی کے پیچھے ہیں۔

ہفتہ کے روز دوران پریس کانفرنس انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ کہوں گا تو بھارتی میڈیا چیخ پڑے گا۔ بولے چھوٹے موٹے گروپ پاکستان میں دہشت گردی کی فضا بنانا چاہتے ہیں، ان کو شکست فاش ہوگی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی شرائط قبول نہیں کی جاسکتیں، وہ لڑیں گے تو ان سے لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دو دہشتگرد مارے گئے جس کا ٹی ٹی پی نے اعتراف بھی کیایہ ہماری قوم کو اور مورال کو شکست نہیں دے سکتی۔

شیخ رشید احمد نے کہا طالبان کیخلاف کامیابی حاصل ہوئی تو رہے گروپ اکا دکا وارداتیں کر رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ 2001 سے 2022 تک اس قوم کی عظیم افواج نے سویلین اداروں اور اینٹلی جنس اداروں نے ہزاروں جانوں کی قربانی دیکر دہشتگردوں کو شکست دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 11 فروری کو یہ گروپس اکٹھے ہوئے ہم 150 ارب ڈالر اپنی ریاست کے دہشت گردی کی جنگ میں لگائے۔ وزارت داخلہ نے تمام آئی جیز اور رینجرز کو الرٹ رہنے کی وارننگ دی ہے۔ ہماری قوم ان مسائل کا سامنا کرنے کیلئے سینہ تان کر کھڑی ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن پر طنز اور تنقید کرتے ہوئے وزیر داخلہ بولے کہ نہ ہم جا رہے ہیں نہ آپ آر ہے ہیں، آپ آنے کے قابل ہی نہیں۔ کہا کہ تحریک عدم اعتماد آئی تو ان کے پچیس ووٹ کم ہوں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے رنگ پسٹن بیٹھے اور پلگ میں کچرا ہے، عمران خان کہیں نہیں جا رہے، 5 سال پورے کریں گے۔ اگر ایسی حرکت کی، جس سے نظام کو خطرہ ہوا تو اپوزیشن ذمہ دار ہوگی۔ مزید کہا کہ صدارتی نظام اور ایمرجنسی کا بہت شور ہے لیکن کابینہ میں ابھی بات نہیں ہوئی۔