Friday, March 29, 2024

لاہور بی آر ٹی 27 ارب روپے میں پشاور بی آرٹی 105 ارب روپے میں بنی، مفتاح اسماعیل

لاہور بی آر ٹی 27 ارب روپے میں پشاور بی آرٹی 105 ارب روپے میں بنی، مفتاح اسماعیل
May 5, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے لاہور بی آر ٹی 27 ارب روپے میں پشاور بی آرٹی 105 ارب روپے میں بنی۔

ملک کے موجودہ اور ماضی کے معاشی اشاریے کیا ہیں، وزیر خزانہ نے اعدادوشمار پیش کر دئیے۔ کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں مفتاح اسماعیل نے کہا عمران حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے ایسے کیے کہ پیٹرول 245 اور ڈیزل 295 روپے لیٹر فروخت ہو۔ حکومت جانے لگی تو بارودی سرنگیں بچھا گئے۔ آئی ایم ایف سے معاہدوں کا بوجھ ہمیں اٹھانا پڑ رہا ہے۔ اگر پیٹرول کی قیمت بڑھائیں تو موٹرسائیکل سوار عام شہری پر ماہانہ سات سو روپے کا بوجھ آئے گا۔ کسی حکومت نے اتنے بڑے نقصان کے ساتھ پیٹرول نہیں دیا۔

مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ پی ایس او کو 500 ارب سوئی نادرن گیس کمپنی کو 200 ارب نقصان، پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 26 سو ارب اور گیس سیکٹر کا 1500 ارب روپے، پی آئی اے ریلوے میں تاریخی خسارہ ہے۔ عمران خان نے غریب کے لیے سبسڈی نہیں مانگی مگر رئیل اسٹیٹ کے اپنے دوستوں کو نوازنے کے لئے آئی ایم ایف کو خود فون کرکے ایمنسٹی مانگی۔ امریکہ یورپ سرمایہ کاری پر آمادہ نہیں۔ چین سی پیک کے ذریعے سرمایہ کاری چاہتا ہے  مگر سیکورٹی مسائل ہیں۔

وزیر خزانہ کے مطابق لیاقت علی خان سے 2018 کے نگراں سیٹ اپ تک مجموعی ملکی قرضے 25 ہزار ارب اور پی ٹی ائی حکومت نے پونے چار سال میں 20 ہزار ارب روپے قرض لیا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی اور نقصانات بے اندازہ مگر ہم غریب پر بوجھ نہیں ڈالیں گے نا عام آدمی پر ٹیکس لگائیں گے۔ دوست ممالک سعودی عرب یواے ای کے ساتھ ٹیکنیکل سطح پر بات چیت جاری ہے۔