Saturday, May 18, 2024

لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں مسلسل بارش

لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں مسلسل بارش
January 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں مسلسل بارش جاری ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح 8 فٹ تک پہنچ گئی۔

پنجاب کے طول وارض میں برسنے والے بادلوں نے موسم کو مزید ٹھنڈا ٹھار کر دیا۔ بیشتر شہروں میں بارش کا سلسلہ تو تھم گیا لیکن آسماں پر ابھی بھی بادلوں کا راج ہے۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں یخ بست ہواوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔

گزشتہ کئی روز سے جاری بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقے ابھی بھی پانی کی زد میں ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑکوں، گلی، محلوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔

حالیہ بارشوں کے باعث ضلع قصور میں چھت گرنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ  15 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پھول نگر کے نواحی گاؤں لکھنے میں چھت گرنے سے  تیس لاکھ سے زائد مالیت کی  15 بھینسں  ہلاک ہو گئیں۔ شرقپورشریف میں شاہدرہ ڈسٹری بیوٹری نہر میں پانی کا بہاو زیادہ ہونے کی وجہ سے نہر میں 20 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔ بند ٹوٹنے سے بیسیوں ایکڑ گندم کی فصل پانی میں ڈوب گئی۔

ادھر شکرگڑھ میں نارووال روڈ پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نکاسی آب  نہ ہونے کی وجہ سے پانی قریبی گھروں میں داخل ہو رہا ہے۔