Sunday, September 8, 2024

لاہور آج بھی دنیا کا آلودہ ترین شہر، ایئر کوالٹی انڈیکس 373 ریکارڈ

لاہور آج بھی دنیا کا آلودہ ترین شہر، ایئر کوالٹی انڈیکس 373 ریکارڈ
November 17, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور میں فضائی آلودگی برقرار ہے، لاہور آج بھی دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 373 ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور کالج فور وومن یونیورسٹی میں اے کیو آئی 259 رہا، ٹاؤن ہال لاہور میں اے کیو آئی 280 نوٹ گیا۔

دوسری جانب نئی دہلی دوسرا اور بغداد تیسرا آلودہ ترین شہر قرار پایا جبکہ کراچی 185 کے انڈیکس کے ساتھ دنیا کا چوتھا آلودہ ترین شہر ہے۔

پنجاب کے دیگر شہر ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کی فضا بھی متاثر ہے، حکومت نے کل دس اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارروال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں کل چھٹی ہوگی۔

شہر شہر انتظامی ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے بھی متحرک ہوگئیں، شرقپور میں فصلوں کی باقیات جلانے والے زمینداروں پر لاکھوں روپے جرمانہ عائد کردیا گیا، دس افراد گرفتار کرلیے گئے۔