Thursday, April 25, 2024

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 23 ویں یوم شہادت پر صوابی میں پروقار تقریب

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 23 ویں یوم شہادت پر صوابی میں پروقار تقریب
July 5, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 23 ویں یوم شہادت کے موقع پر صوابی میں پروقار تقریب ہوئی، جس میں سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل عادل یامین نے کرنل شیر خان شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدرکے 23 ویں یوم شہادت کے موقع پر ان کے آبائی گاؤں صوابی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں سول اور عسکری حکام اور شہید کے لواحقین سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آئی جی ایف سی میجر جنرل عادل یامین نے کرنل شیر خان شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

کارگل جنگ کے دوران کیپٹن کرنل شیر خان نے متعدد آپریشنز کی قیادت کی۔ آپ نے پلٹون کمانڈر کے طور پر بے شمار خدمات سر انجام دیں۔ کارگل جنگ کے دوران مشکل ترین چوٹیوں پر وطن کا دفاع کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ آپ نے دُشمن کے بہت سے حملوں کو پسپا کر کے انہیں بھاری نقصان پہنچایا۔