Thursday, May 2, 2024

کٹھ پتلی وزیراعظم کے پاس تین دن ہیں، استعفی دے اور چلا جائے، بلاول بھٹو

کٹھ پتلی وزیراعظم کے پاس تین دن ہیں، استعفی دے اور چلا جائے، بلاول بھٹو
March 5, 2022 ویب ڈیسک

اوکاڑہ (92 نیوز) - چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زراداری کا کہنا ہے کٹھ پتلی وزیراعظم کے پاس تین دن ہیں، استعفی دے اور چلا جائے۔

 پیپلزپارٹی کا کراچی سے چلنے والا کارواں منزل مقصود کی جانب رواں دواں ہے۔  بلاول بھٹو نے اوکاڑہ اور رینالہ خورد میں خطاب کرتے ہوئے کہا نظر آرہا ہے عوام کا اعتماد اس کٹھ پتلی پر سے اٹھ گیا۔ یہ تبدیلی نہیں، تباہی کا سونامی ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کیا۔ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں اٹھائے نوکریاں ڈھونڈ رہے ہیں۔ کٹھ پتلی کے پاس تین دن ہیں، استعفیٰ دے اور گھر جائے ۔ ہم کٹھ پتلی سے ٹکرائیں گے، اسے بھگا کر صاف شفاف انتخابات کرائیں گے۔ سب مل کر حکومت کو نکالیں گے۔

بلاول بھٹو زراداری کا کہنا تھا عمران خان نے بنی گالا بچا کر لوگوں کے گھرچھین لیے۔ موجودہ حکومت نے زندگی کے ہر طبقے کے ساتھ ہاتھ کیا ہے۔ حکومت کی بزدلی اور نااہلی سے دہشت گردی پھر بڑھ گئی۔ مہنگائی سے ہر طبقہ پریشان ہے۔ پہلے دن اسے بے نقاب کیا۔ یہ الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہے۔ ہمت ہے تو استعفیٰ یا اسمبلیاں توڑو۔ انتخابات میں ہمارا سامنا کرو۔

انہوں نے کہا یہ تو کٹھ پتلی ہے کبھی بھی نہیں بھاگے گا۔ ہم اسلام آباد پہنچیں گے اور جمہوری حملہ کریں گے۔ ہم کٹھ پتلی سے ٹکرائیں گے۔