Sunday, May 5, 2024

پی ٹی آئی نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج مسترد کردیئے

پی ٹی آئی نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج مسترد کردیئے
January 19, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔ رہنماء پی ٹی آئی اسد عمر بولے کسی صورت الیکشن کو قبول نہیں کریں گے۔

جمعرات کے روز دوران نیوزکانفرنس انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو اور کراچی میں نئے بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں، حکومتی مشینری کے ذریعے لوگوں پر دباؤ ڈالا گیا۔

رہنماء پی ٹی آئی نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی الیکشن کو کئی بار ملتوی کیا گیا، بڑی وجہ امپورٹڈ حکومت کا مینڈیٹ چوری کرنا تھا۔ دھونس، دھاندلی اور طاقت کے استعمال سے مینڈیٹ چوری کی کوشش کی گئی۔ لوگوں کو نظر آیا کہ مینڈیٹ چوری ہورہا ہے تو احتجاج کیا۔

اسد عمر بولے کہ 15 تاریخ کو بہت سے پولنگ اسٹیشنز پر صبح عملہ ہی نہیں پہنچا تھا، امجد آفریدی نے دھاندلی کے ثبوت پیش کیے، اسے گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی کیخلاف انتہائی خوفناک گیم کھیلی جا رہی ہے، ہر طریقے سے کراچی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی بھی سیٹیں چھینی گئی ہیں، کراچی کے اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں الیکشن کمیشن مکمل ناکام ہوا، اسی الیکشن کمیشن نے اسی ایشو ہر وارنٹ جاری کیے ہوئے ہیں۔