Friday, April 26, 2024

کسی رکن کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جاسکتا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا اسپیکر اسد قیصر کو جواب

کسی رکن کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جاسکتا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا اسپیکر اسد قیصر کو جواب
March 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے رابطہ کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو سوالات کے جوابات دیدئیے۔ کہا کہ کسی رکن کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جاسکتا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسپیکر اسد قیصر کو بتایا گیا کہ کسی بھی رکن کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ اسپیکر قومی اسمبلی پارٹی چئیرمین کی جانب سے ڈیکلریشن کے بعد ارکان کیخلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسد قیصررولنگ کے ذریعے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے خواہشمند ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے منحرف ارکان کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے اختیار پر شعبہ قانون سازی نے جواب دیا کہ کسی بھی رکن کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جا سکتا، کوئی بھی رکن پارٹی پالیسی کے خلاف جاتا ہے تو کاروائی اس کے ایکٹ کے بعد ہوگی۔

وزیراعظم یا پارٹی چیف وہپ کی جانب سے مشکوک ارکان کے نام بھجوانے پر کارروائی سے متعلق سوال پر اسپیکر کو بتایا گیا کہ انکا کردار پارٹی چیئرمین کی طرف سے باضابط ڈیکلریشن موصول ہونے کے بعد شروع ہوگا۔ رولنگ دینے کے سوال پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اسپیکر اسد قیصر کو جواب دیا کہ رولنگ دینا انکا اختیار ہے تاہم اس معاملے پر آئین و قانون واضح ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی تحریک عدم اعتماد کو رولنگ کے ذریعے ناکام بنانا چاہتے ہیں۔ اسد قیصر نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ہونے والی ملاقات میں انکی جولائی 2019 کی رولنگ کا استعمال قومی اسمبلی میں کرنے خواہش کا اظہار کیا۔