Saturday, April 20, 2024

کسی نے دھرنا دیا تو دھر لئے جائیں گے، شیخ رشید

کسی نے دھرنا دیا تو دھر لئے جائیں گے، شیخ رشید
March 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کسی نے دھرنا دیا تو دھر لئے جائیں گے۔

شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا اسلام آباد کے راستے ہر صورت کھلے رہنے چاہئے۔ سری نگرہائی وے پر ایف سی اور رینجرز اہلکار تعینات کئے ہیں۔ ن لیگ نے ابھی تک جلسے کیلئے کوئی درخواست نہیں دی۔ ن لیگ کی سری نگر ہائی وے پر جلسے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ اپوزیشن نے غلطی کی تو سزا بھی بھگتے گی۔ اپوزیشن کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا یہ کیسی جماعت ہے جو قاتل اور مفرور ملزم کو ووٹ ڈالنے کیلئے لارہی ہے۔ ناظم جوکھیو کے قتل میں ملوث ملزم ایم این اے جام عبدالکریم ووٹ ڈالنے دبئی سے آ رہا ہے۔ جام عبدالکریم کو گرفتار کرکے سندھ پولیس کے حوالے کریں گے۔ جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل میں ڈالیں گے اور انٹرپول کو بھی دیں گے۔

انہوں نے کہا جے یو آئی کو صرف آج کے جلسے کی اجازت ہے کل کی نہیں۔ اسلام آباد میں کسی کو دھرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اسلام آباد میں 15 ہزار لوگوں کی امن وامان کیلئے ڈیوٹی لگائی ہے۔ وزیراعظم نے میری ایمرجنسی اور سندھ میں گورنر راج کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ میری رائے ہے کہ بجٹ کے بعد وزیراعظم کو الیکشن کی طرف جانا چاہئے۔ کل پریڈ گراؤنڈ میں شاندار جلسے سے عمران خان خطاب کریں گے۔