Thursday, March 28, 2024

کشمیری حق خود ارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

کشمیری حق خود ارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی
March 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کشمیری حق خود ارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا 48 واں اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ پوری اسلامی دنیا کی قیادت اور دیگر ممالک کے وفود اجلاس میں شریک ہیں۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی  بحیثیت مبصر شریک ہیں۔ وزیراعظم عمران خان بھی کانفرنس میں موجود ہیں۔

اجلاس سے خطاب  میں وزیرخارجہ شاہ  محمود قریشی نے کہا مقبوضہ کشمیر میں 7 دہائیوں سے خونریزی جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ آر ایس ایس نظریے سے متاثر بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے۔ بھارت میں ہندو توا سوچ کے باعث مسلمانوں پر زندگی تنگ کر دی گئی۔ فلسطین کی طرح مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مسلم ممالک کو مشرق وسطی میں تنازعات کا سامنا ہے۔ فسلطین کے مسلمانوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔ مشرق اور مغرب کے درمیان کشیدگی سےعالمی امن کو خطرہ ہے۔ پاکستان نے اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ سعودی عرب کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے خطاب میں کہا مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ طویل عرصے سے حل طلب ہے۔ یمن کی صورتحال باعث تشویش ہے۔ یمن تنازع کے حل کیلئے فریقین کو بات چیت کرنی چاہئے۔

دوسری طرف نائجر کے وزیرخارجہ نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے خطاب میں کہا مسلم امہ کو دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ تنظیم کا مقصد تمام مسلم ممالک میں اتحاد کا فروغ ہے۔